نیشنل کالج آف آرٹس میں نمائش کا افتتاح،طالبات کے تیار کردہ فن پارے رکھے گئے ہیں
نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کیمپ آفس زیرو پوائنٹ اسلام آباد کے زیر اہتمام ڈرایئنگ اینڈ پینٹنگ کے چھ ماہ دورانیہ کے گزشتہ کورس میں شریک طالبات کے تیار کردہ فن پاروں کی دس روزہ نمائش کا افتتاح ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی نیشنل کالج آف ارٹس لاہورکے وائس چانسلر مرتضٰی جعفری تھے ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ خصوصا مصوری کے مقابلے اور نمائشیں دنیا بھر میں پاکستانی ثقافت کو فروغ دینے اور وطن عزیز کی مثبت،روشن اور انسان دوست معاشرت کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کورس اور نمائش میں حصہ لینے والی طالبات کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں 18 سال سے 60 سال عمر تک کی طالبات شامل تھیں، ان میں سے کچھ فائن آرٹس کے مختلف اعلیٰ ڈگری پروگرامز میں داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کے لئے اور کچھ اپنی ذاتی مہارت اور فن کو نکھارنے کے لئے شریک تھیں ۔
مرتضٰی جعفری نے فن پارے تیار کرنے والی طالبات کی محنت اور مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنون لطیفہ کو عہد حاضر میں دنیا بھر میں ایک بنیادی معاشرتی اور انسانی ضرورت کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے،فنون لطیفہ کے انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں نہایت مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسی طرح بطور خاص خواتین کے لئے فنون لطیفہ کے میدان میں معتبر معاشی بہتری کے بھی بہت سے مواقع موجود ہیں۔
کورس میں شریک مہرین ممتاز،رومانہ ،فریدہ اور دیگر طالبات نے ہر قسم کے میڈیم اور ٹیکنیک پر کام کیا اور اپنے خیالات کو خوبصورتی کے ساتھ کینوس پر منتقل کیا ۔ مہرین ممتاز کے کام میں جڑواں شہر کے شائقین مصوری نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نےسرحد یونیورسٹی سے فیشن ڈیزائن میں ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ماس کمیونیکیشن (صحافت ) میں ایم ایس سی بھی کیا ہے۔