وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے ایجوکیشن ٹیکنالوجی اور فائونڈیشنل لرننگ کے بارے میں دو رپورٹس کا اجراء کر دیا
وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے زیراہتمام ایجوکیشن ٹیکنالوجی اور فائونڈیشنل لرننگ کے بارے میں دو رپورٹس کا اجراء کیا گیا۔ جمعرات کو وزارت تعلیم میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے چیئرمین عظیم الدین زاہد مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظیم الدین زاہد نے پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب گھرانوں کے بچوں کا بھی معیاری تعلیم پر اتنا ہی حق ہے جتنا کہ دوسرے بچوں کا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیوں کا محور محروم طبقات ہونے چاہیٔں تاکہ انہیں بھی معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی شعبوں میں تیزی سے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 مئی 2024 کو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم کے فروغ کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے، اس وقت 26.2 ملین بچے سکول سے باہر ہیں جبکہ سکول جانے والے بچے معیار کے مطابق سیکھنے کی صلاحیت حاصل نہیں کر رہے۔ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت نے اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے تعلیمی ایمرجنسی پر وزیراعظم کی قیادت میں ایک اعلی سطحی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس کے ذریعے متعدد انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں تعلیمی ٹیکنالوجی، اساتذہ کی تعلیم میں اصلاحات، تشخیصی اصلاحات اور بنیادی تعلیم کو موضوع بنایا گیا ہے۔
وفاقی سیکرٹری تعلیم نے ایجوکیشن ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے شراکت داروں کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ہمارے لیے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کی طرف سے کیے گئے کلیدی تحقیقی اقدامات اور باہمی تعاون کے ساتھ معیاری تعلیم کو فروغ دینے کا ایک بہترین موقع ہے۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آئی ایس ای نے تعلیم کے شعبہ میں مزید بہتری کے لئے اہم تجاویز پیش کیں۔ تقریب میں اہم ترقیاتی شراکت داروں، یونیورسٹی کے وائس چانسلرز، اراکین پارلیمنٹ اور پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے کام کرنے والی تنظیموں نے بھی شرکت کی۔