وزارت تعلیم نے تعلیم آباد کے تعاون سے اسلام آباد کے اسکولوں اور کالجوں میں 19 اور 20 اگست کو پیرنٹ۔ٹیچر میٹنگز (پی ٹی ایمز)کے انعقاد کااعلان کر دیا
وزارت تعلیم نے تعلیم آباد کے تعاون سے اسلام آباد کے اسکولوں اور کالجوں میں19 اور 20 اگست کو پیرنٹ۔ٹیچر میٹنگز (پی ٹی ایمز)کے انعقاد کااعلان کیا ہے جس کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارت تعلیم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پیرنٹ۔ٹیچر میٹنگز کا مقصد تعلیم میں والدین کی شمولیت کو فروغ دینا اور طلبا کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ شیڈول کے مطابق دیہی علاقوں میں پی ٹی ایمز کا انعقاد صبح 9 بجے سے دوپہر2 بجے جبکہ شہری علاقوں میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک منعقد ہوں گی، وزارت کے حکام بھی اس دوران تعلیمی اداروں کا دورہ کریں گے۔
وفاقی سیکرٹری تعلیم کی ہدایات کے مطابق وزارت تعلیم کے افسران اور محکموں کے سربراہان کو مختلف اداروں کا دورہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وزارت تعلیمی اداروں کے ساتھ فعال طور پر مصروف عمل ہے اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ وزارت تعلیم والدین کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ وہ پی ٹی ایم میں حصہ لیں اور اپنے بچوں کی تعلیمی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اساتذہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔