ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ، منکی پاکس کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا
وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے منکی پاکس کی روک تھام کے اقدامات کے جائزہ کے لئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور منکی پاکس کی روک تھام اور اسکیننگ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے منکی پاکس کی روک تھام اور اسکیننگ کے لئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹ آمد پر چیف آپریٹنگ افسر، ایئرپورٹ منیجر اور انچارج ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے ان کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کو بین الاقوامی آمد کے لئے نافذ العمل سکیننگ کے طریقہ کار کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے لیول۔II پر واقع ہیلتھ کائونٹر، پروفائلنگ ایریا اور ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے قائم کردہ نظام کا مشاہدہ کیا اورائیرپورٹ اتھارٹی اور ائیرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے درمیان موثر تعاون اور اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔