عالمی

جنوبی کوریا طیارہ حادثہ، حکام نے بلیک باکس سے ابتدائی ڈیٹا حاصل کر لیا

جنوبی کوریا کے حکام نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے کے ایک بلیک باکس میں سے ابتدائی ڈیٹا نکال لیا گیا ہے جبکہ دوسرے سے نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن کے ڈپٹی کمشنر جو جونگ وان نے کہا ہے کہ جہاز کے دونوں بلیک باکس کو ملبے میں سے تلاش کرنے کے بعد وائس ریکارڈر کا مواد حاصل کر لیا گیا ہے اور کاک پٹ میں ہونے والی گفتگو بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی ڈیٹا کے مطابق اس کو آڈیو ریکارڈنگ میں ڈھالنے کا کام شروع کیا جا چکا ہے یعنی تحقیقات کرنے والی ٹیم پائلٹس کے درمیان آخری لمحات میں ہونے والی گفتگو کو سن سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے بلیک باکس کا ایک کنکٹر نہیں مل سکا اور تحقیقات کرنے والی ٹیم اس کی ریکارڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

سول ایوی ایشن کے معاملات کو دیکھنے والی وزارت لینڈ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک تحقیقاتی بورڈ حادثے کے حوالے سے تمام شواہد اکٹھے کرے اور جامع طور پر جانچ پڑتال کی جائے گی۔ حادثے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم میں جنوبی کورین حکام کے علاوہ امریکی اور بوئنگ کمپنی کے ماہرین بھی شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جنوبی کوریا طیارہ حادثے میں 179 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ طیارہ 181 مسافروں کو لے کر تھائی لینڈ سے جنوبی کوریا کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم لینڈنگ سے پہلے کپتان کی جانب سے ’مے ڈے‘ کال جاری کی گئی اور رن وے پر حادثے کا شکار ہو گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button