قومی

موجودہ حکومت کی اولین ترجیح زراعت کی ترقی ہے، کوثر عبداللہ ملک

نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح زراعت کی ترقی ہے، قومی معیشت کو تقویت دینے اور خوراک اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اس کے اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں تین روزہ 20ویں بین الاقوامی مٹی سائنس کانگریس کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں 24-2023 میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں 21 تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے 8.85 ارب روپے رکھے گئے ہیں تاکہ پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دیا جا سکے ، ملک کی معیشت کا زیادہ تر انحصار زراعت پر ہے اور زمین کی صحت مندی میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ،

وفاقی وزیر نے محققین اور مٹی کے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قابل عمل حل تلاش کریں تاکہ غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ، افتتاحی سیشن میں وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم، پروفیسر ڈاکٹر شبیر اے شاہد، پروفیسر ڈاکٹر ظاہر اے ظاہر و دیگر بھی موجود تھے۔ بارانی یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور سائنسدانوں کی ایک بڑی تعداد بشمول وفاقی اور صوبائی پالیسی ساز، تعلیم، زراعت پاکستان اور بیرون ملک سے ایکسٹینشن اینڈ انڈسٹری اس کانگریس میں شرکت کر رہے ہیں۔

بارانی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے کہا کہ پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے موسمی تبدیلیوں سے لے کر بڑھتی ہوئی آبادی کے دبائو تک شامل ہیں ۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ یونیورسٹی نے زمین کی زرخیزی کو بڑھانے، پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینے اور فصلوں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کسانوں اور زرعی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان استعداد کار میں اضافے اور علم کی ترسیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے لئے تربیتی پروگراموں، ورکشاپس اور توسیعی خدمات کے ذریعے یونیورسٹی نے مقامی کمیونٹیز کو پائیدار کاشتکاری کے طریقوں کو اپنانے، مٹی کے انتظام کی تکنیکوں کو بہتر بنانے اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے عملی اقدامات کے ساتھ با اختیار بنایا ہے ،

وائس چانسلر نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس اپنے مقاصد کو پورا کرے گی اور مٹی کی صحت اور غذائی تحفظ جیسے اہم مسائل پر حکمت عملی بنانے میں حکومت کی مدد کرے گی ، انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ہمارے معزز بین الاقوامی اور قومی ماہرین کی مہارت سے بصیرت حاصل کریں اور اس علم کو زمین پر ٹھوس عمل میں تبدیل کریں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button