کاروباری

پاکستان اور سنگاپور کے درمیان مالیاتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سنگاپورکے وزیر خزانہ سے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان مالیاتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، بالخصوص ایس ایم ایز کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے سے باہمی تجارتی مواقع سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سنگاپور کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے توانائی، تجارت و صنعت گان کم یونگ سے سنگاپور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سنگاپور کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2026ء کے موقع پر ہوئی، جس میں وزیر خزانہ شرکت کر رہے ہیں۔ سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے رواں سال پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور دوطرفہ روابط میں بتدریج تیزی آ رہی ہے۔ انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن کے حالیہ دورہ پاکستان کا بھی حوالہ دیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے سنگاپور کو 2027ء میں آسیان کی سربراہی سنبھالنے پر پیشگی مبارکباد دی اور اس موقع پر بتایا کہ پاکستان نے بھی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی سنبھالی ہے۔وزیر خزانہ نے مالیات، مصنوعی ذہانت، مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک)، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کے وسیع امکانات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست روابط بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ دستیاب تجارتی اور کاروباری مواقع کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ملاقات میں پاکستان کی غذائی اور زرعی مصنوعات کی سنگاپور کو برآمدات بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سنگاپور کی منڈی میں پاکستانی غذائی اور زرعی مصنوعات کی موجودگی اور رسائی کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔اس موقع پر وزیر خزانہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button