35ویں لا ء ایڈمیشن ٹیسٹ میں 42 ہزار سے زائد امیدواروں کی رجسٹریشن، 35 ہزار سے زائد امیدوار شریک

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے زیر اہتمام 35واں لا ء ایڈمیشن ٹیسٹ ملک بھر میں کامیابی سے منعقد ہوا جس میں 42 ہزار 547 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جبکہ 35 ہزار 523 سے زائد امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔ بدھ کو ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ لا ء ایڈمیشن ٹیسٹ ملک کے 28 شہروں میں قائم 103 امتحانی مراکز میں منعقد کیا گیا۔ ٹیسٹ کا مقصد قانون کی تعلیم کے خواہشمند طلبہ کی تعلیمی استعداد، بنیادی قابلیت اور ایل ایل بی پروگرامز میں داخلے کے لئے درکار صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔ امتحانی پرچہ مقررہ نصاب اور تعلیمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا جبکہ سوالات کی تیاری کے لئے باقاعدہ آئٹم بینک استعمال کیا گیا تاکہ ملک بھر میں یکساں، معیاری اور قابل اعتماد امتحانی نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
امتحان کے شفاف اور منظم انعقاد کے لئے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ اس مقصد کے لئے 153 مانیٹرنگ افسران تعینات کئے گئے جبکہ 2 ہزار 500 سے زائد تربیت یافتہ عملے نے امتحانی ڈیوٹی سرانجام دی۔ امتحانی عملے کو ٹیسٹ سے قبل خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی جس میں غیر جانبداری، پیشہ وارانہ ذمہ داریوں، امتحانی سکیورٹی اور مقررہ ضابطہ کار پر عملدرآمد پر خصوصی زور دیا گیا۔ امتحان کی نگرانی کے لئے تین سطحی مانیٹرنگ اور نگرانی کا نظام بھی وضع کیا گیا جبکہ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایچ ای سی کی سینئر انتظامیہ نے امتحانی عمل کی براہ راست نگرانی کی۔
ان اقدامات کا مقصد امتحانی نظام کی شفافیت، ساکھ اور تمام امیدواروں کے لئے یکساں مواقع کو یقینی بنانا تھا۔ ایچ ای سی اور ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل نے ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے میزبان اداروں، امتحانی مراکز کی انتظامیہ، نگران عملے، مانیٹرنگ افسران اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ کمیشن کے مطابق ایچ ای سی ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، داخلہ امتحانات کے نظام کو مزید شفاف اور معیاری بنانے اور طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔



