امریکا: عیدالاضحیٰ تقریب منسوخ کرنے پر گورنر ٹیکساس کیخلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر

ڈیلس: امریکی ریاست ٹیکساس میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے کے معاملے پر گورنر گریگ ایبٹ کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا گیا۔
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز اور اس کی ٹیکساس شاخ نے گورنر گریگ ایبٹ اور گرینڈ پریری انتظامیہ کو مقدمے میں فریق بنایا ہے۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے کے لیے دباؤ ڈالنا مذہبی آزادی اور امریکی آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، تقریب کی منتظم ڈاکٹر امینہ نائٹ کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات نے مذہبی آزادی کے آئینی حق کو متاثر کیا۔
رپورٹس کے مطابق گورنر گریگ ایبٹ نے گرینڈ پریری انتظامیہ کو دھمکی دی تھی کہ اگر شہر کے زیرانتظام ایپک واٹرز واٹر پارک میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ نہ کی گئی تو 5 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی سرکاری گرانٹس روک دی جائیں گی، جس کے بعد انتظامیہ نے تقریب منسوخ کردی تھی۔
دوسری جانب ٹیکساس میں مسلم تنظیموں سے متعلق گورنر ایبٹ کے اقدامات بھی قانونی اور سیاسی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔ نومبر 2025 میں گریگ ایبٹ نے کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا تھا جس کے خلاف تنظیم نے قانونی چارہ جوئی کی۔
ادھر نومنتخب گورنر جینا ہینوہوزا نے کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے خلاف جاری اعلامیہ واپس لینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ٹیکساس کے اٹارنی جنرل کین پیکسٹن نے بھی تنظیم کے خلاف دائر مقدمہ واپس لے لیا۔ جینا ہینوہوزا 19 جنوری 2027 کو گورنر ٹیکساس کا عہدہ سنبھالیں گی۔



