دہائیوں تک خاموش رہنے اور معاوضہ وصول کرنے والے اراضی مالکان کو دوسروں کے حق میں دیئے گئے فیصلے کی بنیاد پر ازسرنو حصول اراضی کا حق نہیں مل سکتا، وفاقی آئینی عدالت

وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ اراضی کے حصول کے معاملے میں غیر معمولی تاخیر، معاوضے کی وصولی اور قانونی چارہ جوئی سے دستبرداری کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا جبکہ دوسرے متاثرہ افراد کے حق میں آنے والا فیصلہ خودبخود تمام اراضی مالکان پر لاگو نہیں ہوتا۔چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا 15 جنوری 2016 کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جس میں اراضی کا ازسرنو حصول 90 روز میں مکمل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔عدالت نے قرار دیا کہ جن اراضی مالکان کے پیش رو معاوضہ وصول کر چکے، اپنی قانونی درخواستیں واپس لے چکے اور کئی دہائیوں تک خاموش رہے، وہ محض دوسرے اراضی مالکان کے حق میں آنے والے فیصلے کی بنیاد پر ازسرنو حصولِ اراضی کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔عدالت نے واضح کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کا 11 جون 1991ء کا فیصلہ صرف اس مقدمے کے فریقین تک محدود تھا، اسے موجودہ مقدمے کے درخواست گزاروں پر خودکار طور پر لاگو نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ مذکورہ فیصلے میں حصولِ اراضی کے ایک اہم نوٹیفکیشن کا جائزہ نہیں لیا گیا تھا۔وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ریلیف دینے کے معاملے میں غیر معمولی تاخیر اور درخواست گزاروں کا طرزِ عمل اہمیت رکھتا ہے۔ محض یہ حقیقت کہ اراضی ایک ہی حصولِ اراضی کے نوٹیفکیشن کے تحت حاصل کی گئی تھی، تمام مالکان کو یکساں قانونی ریلیف کا حق نہیں دیتی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ عوامی مقصد کے لیے بجلی گھر کا منصوبہ ہونا بذات خود غیر قانونی حصول اراضی کو درست قرار نہیں دیتا، تاہم کسی فریق کو قابل نفاذ قانونی حق ثابت کیے بغیر ازسرنو حصول اراضی کا حکم بھی نہیں دیا جا سکتا۔عدالت نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی 18 اپیلیں منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جبکہ اخراجات کے حوالے سے کوئی حکم جاری نہیں کیا۔



