پہلی قومی قازق قریشی ریسلنگ چیمپئن شپ، اسلام آباد کی ٹیم تیسری پوزیشن کی ٹرافی جیتنے میں کامیاب، بختاور نے گولڈ میڈل حاصل کر لیا

پہلی قومی قازق قریشی ریسلنگ چیمپئن شپ میں اسلام آباد کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 200 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں نے نو مختلف ویٹ کیٹیگریز میں حصہ لیا۔قومی سطح کے اس ایونٹ میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں نے شرکت کی۔ چیمپئن شپ کے دوران مختلف ویٹ کیٹیگریز میں مقابلے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہے، جن میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔اسلام آباد کی ٹیم نے مجموعی طور پرتیسری پوزیشن حاصل کرکے نمایاں کامیابی اپنے نام کی جبکہ انفرادی مقابلوں میں بھی اسلام آباد کے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بختاور نے منفی 77 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔دیگر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں امارہ نے منفی 52 کلوگرام اور حاجرہ نے منفی 60 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈلز جیتے۔ حمزہ بٹی نے پلس 100 کلوگرام، عمر خان نے منفی 60 کلوگرام، احتشام طارق نے منفی 50 کلوگرام جبکہ عائشہ اشرف نے منفی 70 کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیا۔چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں صدر پاکستان قازق قریشی فیڈریشن میجر جنرل عادل رحمانی،سیکرٹری جنرل و ڈائریکٹر سپورٹس انٹرنیشنل قازق قریشی ایسوسی ایشن، قازقستان کے سینئر سفارت کاروں، ملٹری اتاشی قازقستان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان قازق قریشی فیڈریشن کےسیکرٹری جنرل میجر نوید افضل نے اسلام آباد قازق قریشی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد ذیشان رشید کی جانب سے اسلام آباد میں اس کھیل کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اسلام آباد کی ٹیم کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔اسلام آباد ٹیم کی جانب سے تیسری پوزیشن کی ٹرافی محمد ذیشان رشید اور بشریٰ عدنان نے وصول کی۔اسلام آباد قازق قریشی ایسوسی ایشن نے اس کامیابی کو کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور عزم کے ساتھ ساتھ کوچنگ سٹاف کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں قازق کُریشی ریسلنگ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ایسوسی ایشن نے چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور معاونین کو مبارکباد بھی پیش کی۔



