ایپک سربراہی اجلاس کے موقع پر چین میں ٹرمپ اور کِم جونگ اُن کی ملاقات کے امکانات بڑھ گئے

چین میں ایپک سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی ملاقات کے امکانات بڑھ گئے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات کا امکان ظاہر کیے جانے کے بعد اب ایپک سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کِم جونگ اُن کی ملاقات بھی ممکن دکھائی دے رہی ہے۔
اس سے قبل امریکی و جنوبی کوریائی حکام یہ کہہ چکے تھے کہ ٹرمپ اور کم جونگ ملاقات کے امکانات کم ہیں تاہم روسی خبر رساں ایجنسی ‘ انٹرفیکس کی اس رپورٹ نے اندازے بدل دیے ہیں جس میں کریملن کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اگر شمالی کوریا کے رہنما رواں ہفتے چین کے شہر شینزین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرتے ہیں تو صدر پیوٹن ان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔
شمالی کوریا کے لیے امریکا کے سابق نیشنل انٹیلی جنس آفیسر اور اب سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز سے وابستہ سڈنی سیلر نے کہا کہ کریملن ’ایسا بیان ہرگز نہ دیتا جب تک انہیں یقین نہ ہوتا کہ وہ ملاقات کرنے جا رہے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے پورا یقین ہے کہ پسِ پردہ کچھ چل رہا ہے‘۔
چین نے کہا کہ اس کے پاس اس بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ آیا ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات ہوگی یا نہیں۔
اس کے چند گھنٹے بعد منیلا میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ کم جونگ ان چین میں ملاقات ’کرنا چاہیں گے‘، اور ’ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے‘۔ تاہم شمالی کوریا نے ٹرمپ کے ان بیانات پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
اس کے برعکس شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ کم جونگ ان اور ان کے اہلِ خانہ نے پارٹی عہدیداروں کے ہمراہ اتوار اور پیر کو چین کے ساتھ واقع شمالی سرحد کے قریب ایک سیاحتی علاقے کا دورہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں کم جونگ ان کو ایک اسکی ریزورٹ جیسے مقام پر آرام دہ کرسی پر بیٹھے دکھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ اور کم جونگ ان اس سے قبل جون 2018 میں سنگاپور، فروری 2019 میں ہنوئی اور جون 2019 میں شمالی کوریا کے غیر فوجی علاقے میں ملاقات کر چکے ہیں۔
یہ ملاقاتیں 2017 میں ایک تقریر کے دوران ٹرمپ کی جانب سے کم جونگ ان کو ’راکٹ مین‘ کہہ کر مذاق اڑانے کے بعد عمل میں آئی تھیں۔



