بانی پی ٹی آئی کی منتقلی و ریلیف کی افواہیں غلط، وکلا 190 ملین پاؤنڈ کیس میں تاخیری حربے اپنا رہے ہیں، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے منتقلی اور ریلیف ملنے سے متعلق وی لاگز میں پھیلائی جانے والی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس قسم کے وی لاگز سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے ، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ان کے وکلا سزا سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر تاخیری حربے اور بہانے تراش رہے ہیں۔ وہ بدھ کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا بھگت رہے ہیں اور تحریک انصاف کے وکلا یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ دلائل سے کرپشن کا دفاع نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی وہ یہ کیس جیت سکتے ہیں اسی لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج بھی قانونی کارروائی کو طول دینے کے لیے تاخیری حربے استعمال کیے گئے۔
سوشل میڈیا اور وی لاگز پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے ریٹنگ بڑھانے کے لیے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ پہلے ملاقاتیں کھلیں گی اور پھر بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملے گا یا انہیں ہسپتال، بنی گالہ یا نتھیا گلی منتقل کر دیا جائے گا۔ طلال چوہدری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایسے وی لاگز سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے، موجودہ حکومت اسی طرح چلتی رہے گی اور پیپلز پارٹی بھی اس کا حصہ رہے گی۔طلال چوہدری نے کہا کہ صوبوں کے معاملات پر سیاسی محاذ آرائی کے بجائے تمام فریقین کو مل بیٹھ کر باہمی افہام و تفہیم، اتفاق رائے اور مشاورت سے فیصلے کرنے چاہئیں تاکہ سیاسی ہم آہنگی برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ اور تین صوبوں سمیت ملک کی 70 فیصد حکمرانی ہے لہٰذا وہ تنقید ضرور کرے مگر حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس کرے۔



