اسلامی مالیات کے فروغ، ڈیجیٹل معیشت کی توسیع اور جاری ساختی اصلاحات سے پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں،خرم شہزاد

وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسلامی مالیات کے فروغ، ڈیجیٹل معیشت کی توسیع اور جاری ساختی اصلاحات سے سرمایہ کاری، مالیاتی شمولیت اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، حکومتی سکوک کا مجموعی حجم 10 ہزار ارب روپے کی تاریخی حد سے تجاوز کر چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی بینکاری و مالیات کی دسویں بین الاقوامی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کا موضوع ’’اسلامی مالیات کے ذریعے قومی تبدیلی: سود سے پاک، ڈیجیٹل، جامع اور پائیدار معیشت کی تعمیر‘‘ تھا جس میں سود سے پاک مالیاتی نظام کی جانب پیش رفت، جامع معاشی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار قومی ترقی کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس میں مالدیپ کے سابق صدر ڈاکٹر محمد وحید حسن، سٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سلیم اللہ، کالج آف بزنس مینجمنٹ کے ایسوسی ایٹ ڈین پروفیسر ڈاکٹر امام الدین، ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف، صدر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ طالب ایس کریم اور چانسلر ایم بشیر جان محمد سمیت پاکستان اور بیرون ملک سے ممتاز سکالرز، محققین، پالیسی سازوں، بینکاروں اور صنعت کے ماہرین نے شرکت کی۔
اسلامی بینکاری و مالیات کی دسویں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد سینٹر فار اسلامک بزنس اینڈ فنانس، کالج آف بزنس مینجمنٹ، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ نے اکائونٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹی ٹیوشنز کی سرپرستی میں کیا۔وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان معاشی سکڑائو سے نکل کر استحکام اور بحالی کی جانب گامزن ہے، مالی سال 2026ء کے دوران حقیقی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد تک بحال ہوئی جبکہ مالی سال 2022-23ء میں معیشت کو 0.2 فیصد سکڑائو کا سامنا تھا، اسی طرح صنعتی ترقی کی شرح منفی 3.9 فیصد سے بہتر ہو کر 3.34 فیصد تک پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026ء میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 3 فیصد سے کم سطح پر آگیا جو گزشتہ 22 سال کی کم ترین سطح ہے، بنیادی مالیاتی سرپلس کا حصول بھی مالیاتی نظم و ضبط، اخراجات کے بہتر انتظام اور معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کا مظہر ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان کی اسلامی کیپٹل مارکیٹ میں حکومتی سکوک کا مجموعی اجرا 10 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے جو حکومتی مالی ضروریات پوری کرنے اور قرضوں کی مارکیٹ کی ترقی میں شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی ذرائع کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اسلامی مالیاتی مصنوعات میں تنوع، کیپٹل مارکیٹوں کو مزید گہرا کرنے اور انفرادی، ادارہ جاتی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے اور نومبر 2026ء میں سٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھ کر 21.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ مالی سال 2022-23ء میں یہ تقریباً 3 ارب ڈالر کی انتہائی کم سطح پر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت قرضوں کے انتظام کی حکمت عملی کے تحت مالیاتی ذرائع میں تنوع، قرض لینے کی لاگت کو مؤثر انداز میں منظم کرنے اور سرکاری قرضوں کی مدت کے ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے، پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اکتوبر 2026ء میں ریکارڈ 453 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال اکتوبر کے 386 ملین ڈالر کے مقابلے میں 17.4 فیصد زیادہ ہیں، اسی طرح فری لانسرز کی برآمدی آمدنی بھی اکتوبر میں ریکارڈ 210 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جو زرمبادلہ کے حصول میں ڈیجیٹل خدمات اور فری لانسرز کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی قیادت میں حکومت برآمدات اور نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے جن میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، ہاؤسنگ، ڈیجیٹلائزیشن، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مالی سہولتوں تک رسائی بڑھانے کے ایجنڈے پر بھی عمل پیرا ہے جس سے کاروباری اداروں کی توسیع، مالیاتی شمولیت اور کیپٹل مارکیٹوں میں نئی لسٹنگز اور سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے میں مدد ملے گی۔سستے ہائوسنگ فنانس پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اہل پہلی مرتبہ گھر خریدنے والوں کو ابتدائی 10 سال کے لیے 5 فیصد رعایتی شرح مارک اپ پر مالی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اسلامی بینکاری اداروں سمیت مالیاتی شعبے کے دیگر اداروں کے ذریعے سستے ہاؤسنگ فنانس تک رسائی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اداروں کی نجکاری، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، ٹیکس اصلاحات، پنشن اصلاحات اور وفاقی وزارتوں و محکموں کو مناسب حجم دینے سمیت مختلف ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر کام کر رہی ہے، مسلسل معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا تسلسل، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری، مضبوط اداروں اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول ناگزیر ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ اسلامی مالیات کا کردار روایتی بینکاری اور حکومتی مالی ضروریات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں، مالیاتی شمولیت اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ میں بھی موثر کردار ادا کرنا چاہیے، اس مقصد کے لیے مالیاتی مصنوعات میں جدت، ڈیجیٹل تبدیلی اور ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی وسیع تر شمولیت ضروری ہے۔



