نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، ملک بھر میں چینی کی مجموعی طلب اور رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو یہاں فاضل چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں چینی کی مجموعی طلب اور رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں چینی کی موجودہ پیداوار، کھپت کے تخمینوں اور سپلائی چین کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ مقامی منڈیوں میں چینی کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مقامی منڈیوں میں قیمتوں کا استحکام برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق حکومت عام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کسانوں کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹریز تجارت، قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور قانون و انصاف سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔



