کاروباری

حکومت کا 2035 تک قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت میں 15,206 میگاواٹ اضافے کا منصوبہ

حکومت نے 2035 تک پن بجلی سمیت قابل تجدید توانائی کی 15,206 میگاواٹ اضافی پیداواری صلاحیت قومی بجلی کے نظام میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو 2025 سے 2035 کے دوران بجلی کی پیداواری صلاحیت میں مجوزہ مجموعی اضافے کا تقریباً 93 فیصد بنتا ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے انٹیگریٹڈ سسٹم پلان (آئی ایس پی) 2025-35 کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت اس عرصے میں بجلی کی پیداواری صلاحیت میں مجموعی طور پر 16,406 میگاواٹ اضافے کا منصوبہ ہے۔اس منصوبے کے تحت پن بجلی سمیت قابل تجدید توانائی کے منصوبوں سے 15,206 میگاواٹ بجلی کی اضافی پیداواری صلاحیت حاصل ہوگی جبکہ باقی 1,200 میگاواٹ صلاحیت جوہری توانائی کے ذریعے حاصل کی جائے گی۔دستاویز میں قابل تجدید توانائی کے مجوزہ اضافے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پن بجلی کے منصوبوں سے 4,505 میگاواٹ ،نیٹ میٹرنگ کے تحت شمسی فوٹو وولٹائک منصوبوں سے 8,120 میگاواٹ اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں سے 2,581 میگاواٹ صلاحیت قومی نظام میں شامل کی جائے گی۔

ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی مجوزہ صلاحیت میں سے 1,190 میگاواٹ نیشنل گرڈ کمپنی یا نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این جی سی/این ٹی ڈی سی)کے نیٹ ورک کے ذریعے شامل کیے جائیں گے جبکہ 1,391 میگاواٹ صلاحیت کے الیکٹرک کے نظام کے ذریعے منسلک کی جائے گی۔منصوبے کے مطابق 2035 تک ملک میں بجلی پیدا کرنے کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت تقریباً 62,383 میگاواٹ تک پہنچنے کا امکان ہے جس میں پن بجلی سمیت قابل تجدید توانائی کا حصہ 60 فیصد سے زیادہ ہوگا۔دستاویز کے مطابق مستقبل میں بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی منصوبہ بندی انڈیکیٹو جنریشن کیپیسٹی ایکسپینشن پلان (آئی جی سی ای پی)کے ذریعے کی جائے گی جس کی بنیاد کم سے کم لاگت پر بجلی کے نظام کی منصوبہ بندی ہوگی۔ ان منصوبوں پر متعلقہ پالیسیوں اور خریداری کے قواعد کے تحت عمل درآمد کیا جائے گا۔

حکومت پہلے ہی قومی بجلی پالیسی 2021 اور قومی بجلی منصوبہ 2023-27 کے ذریعے ایک پالیسی فریم ورک تشکیل دے چکی ہے جس کا مقصد ملک میں بجلی پیدا کرنے کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت میں قابل تجدید توانائی کا حصہ بتدریج بڑھانا ہے۔اس پالیسی فریم ورک کے تحت 2030 تک قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت کا حصہ 60 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اس کے بعد مزید اضافے کے فیصلے بجلی کے نظام کی ضروریات، معاشی عوامل اور کم سے کم لاگت پر منصوبہ بندی کے اصولوں کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔اس وقت پاکستان میں بڑے پیمانے پر بجلی فراہم کرنے والے قابل تجدید توانائی کے منصوبے جن میں پن بجلی بھی شامل ہے ملک کی مجموعی نصب شدہ پیداواری صلاحیت کا تقریباً 35 فیصد ہیں،تاہم نیٹ میٹرنگ کے ذریعے قومی گرڈ سے منسلک چھوٹے اور تقسیم شدہ شمسی توانائی کے نظاموں کی صلاحیت کو بھی شامل کیا جائے تو گرڈ سے منسلک قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت کا حصہ 45 فیصد سے تجاوز کر جاتا ہے۔

آئی جی سی ای پی 2025-35 میں قومی بجلی کے نظام کی قابل اعتماد کارکردگی، فریکوئنسی کے استحکام اور قابل تجدید توانائی کی بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیت کو گرڈ میں شامل کرنے کے لیے بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز (بی ای ایس ایس) کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔منصوبے میں بیٹری سٹوریج سسٹمز کے لیے تقریباً 600 میگاواٹ انورٹر صلاحیت کی ابتدائی ضرورت کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے ساتھ تقریباً 1,500 میگاواٹ آور (ایم ڈبلیو ایچ)توانائی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔اس نظام پر تقریباً 90 کروڑ سے 91 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے،تاہم نیپرا نے اس مرحلے پر بیٹری سٹوریج کے لیے مجوزہ سرمایہ کاری کی منظوری نہیں دی اور بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز کو منظور شدہ نظرثانی شدہ بنیادی یا تجویز کردہ منصوبہ بندی کے منظرنامے سے خارج کر دیا ہے۔

اس کے بجائے ریگولیٹری اتھارٹی نے انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) کو ہدایت کی ہے کہ مستقبل کی منصوبہ بندی میں بیٹری سٹوریج کو شامل کرنے پر غور کرنے سے پہلے اس کا جامع تکنیکی اور معاشی جائزہ لیا جائے جس میں توانائی ذخیرہ کرنے کی حقیقی ضرورت، موزوں صلاحیت، ذخیرہ کرنے کا دورانیہ، ٹیکنالوجی، جغرافیائی محل وقوع، عملی استعمال، بجلی کے نظام کی قابل اعتماد کارکردگی کی ضروریات، اخراجات و فوائد اور بیٹری سٹوریج نظام کی مجموعی لاگت کے مقابلے میں افادیت کا تجزیہ کیا جائے گا۔اس مطالعے میں صارفین کی سطح پر بیٹری سٹوریج سسٹمز کی ممکنہ تنصیب کا بھی جائزہ لیا جائے گا،مطالعے کے نتائج کی بنیاد پر مستقبل میں آئی جی سی ای پی اور آئی ایس پی کی منصوبہ بندی کے مراحل میں بیٹری سٹوریج سے متعلق تجاویز نیپرا کے غور کے لیے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

دریں اثنا، نیشنل گرڈ کمپنی نے جھمپیر ون گرڈ سٹیشن پر 20 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے اور 20 میگاواٹ آور توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کے حامل ایک آزمائشی بیٹری سٹوریج منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے،یہ منصوبہ کنٹریکٹ نمبر ADB-302-2021 کے تحت تیار کیا گیا ہے جس کی نظرثانی شدہ لاگت ایک کروڑ 57 لاکھ ڈالر ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی خدمات حاصل کردہ ایک مشاورتی فرم بھی بیٹری سٹوریج کے مجوزہ منصوبوں سے منسلک ہے جن کے تحت پہلے مرحلے میں ملک کے جنوبی حصے میں 500 میگاواٹ صلاحیت اور 1,000 میگاواٹ آور ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا نظام قائم کیا جائے گا۔دوسرے مرحلے میں ملک کے شمالی حصے میں بھی 500 میگاواٹ صلاحیت اور 1,000 میگاواٹ آور توانائی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا منصوبہ تجویز کیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق پہلے مرحلے کی تخمینی لاگت تقریباً 40 کروڑ ڈالر ہے اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ مالی سال 2029-30 میں تجارتی بنیاد پر کام شروع کر دے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button