کاروباری

پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ اور جدید مصنوعات کی تیاری ناگزیر ہے۔رانا احسان افضل خان

وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صنعت و تجارت رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ تجارت ہی پاکستان کا مستقبل ہے، ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے برآمدات میں اضافے، جدید اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری اور علاقائی تجارت کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے روایتی برآمدات سے آگے بڑھ کر عالمی منڈیوں کی ضروریات کے مطابق نئی مصنوعات تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی یونیورسٹی میں منعقد تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران، اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات تقریبا 30.42 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 68 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

ملک کو ایسی معاشی حکمت عملی کی ضرورت ہے جو پائیدار ترقی کی بنیاد بن سکے۔ اس وقت پاکستان کی برآمدات کا بڑا انحصار زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں پر ہے، تاہم عالمی منڈی میں مسابقت کے لیے ضروری ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زیادہ قدر رکھنے والی مصنوعات تیار کی جائیں اور برآمدات کے شعبے کو متنوع بنایا جائے۔رانا احسان افضل خان نے کہا کہ حکومت نے درآمدات اور برآمدات کی پالیسیوں کا جائزہ لے کر ان میں موجود مسائل کی نشاندہی کی اور انہیں دور کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ اس مرتبہ ایکسپورٹرز پر ٹیکسوں کا بوجھ بھی کم کیا گیا ہے تاکہ برآمدی شعبے کو سہولت ملے، پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ ہو اور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں میں بہتر انداز سے مقابلہ کرسکیں۔انہوں نے سرکاری امور میں ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے بیشتر دفاتر آئی آفس سسٹم پر منتقل ہو چکے ہیں، جہاں ای فائلنگ کے ذریعے سرکاری فائلوں کی نقل و حرکت اور منظوری کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس نظام سے دفتری امور میں تیزی، شفافیت اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔

علاقائی تجارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی تجارت میں علاقائی تجارت کا حصہ صرف 4.3 فیصد ہے، جو ایک بڑی معاشی رکاوٹ ہے۔ قومی سلامتی کے مسائل اور دہشت گردی کے باعث سرحدوں کی بندش نے علاقائی تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔ اگر خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت کے راستے نہیں کھولے جاتے اور علاقائی تجارتی روابط کو فروغ نہیں دیا جاتا تو پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار تیز نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت تقریبا ً30 سے 40 ہزار چینی شہری کام کر رہے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے فروغ کے لیے امن و استحکام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔رانا احسان افضل خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مختلف چیلنجز اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے اور ملکی معیشت کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے بھارت اور افغانستان کے حوالے سے سکیورٹی خدشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات کے اثرات ملکی معاشی سرگرمیوں اور تجارتی ماحول پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھا جائے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔انہوں نے مقامی حکومتوں کے نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لوکل باڈیز کا فعال ہونا انتہائی ضروری ہے۔

مقامی حکومتیں عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مقامی سطح پر درست اعدادوشمار جمع کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اگر لوکل گورنمنٹ کا موثر نظام موجود نہیں ہوگا تو حکومت کو مقامی سطح پر ڈیٹا اور عوامی ضروریات کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل نہیں ہو سکے گی، جس سے بہتر منصوبہ بندی اور پالیسی سازی متاثر ہوگی۔رانا احسان افضل خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے برآمدات میں اضافہ، صنعتی پیداوار کا فروغ، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، علاقائی تجارت کی بحالی، غیر ملکی سرمایہ کاری کا تحفظ اور مقامی حکومتوں کا استحکام ناگزیر ہے۔ ان اقدامات کے ذریعے ہی پاکستان پائیدار معاشی ترقی کی منزل حاصل کر سکتا ہے، برآمدات میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔رانا احسان افضل خان نے کہا کہ وزارتِ تجارت ملک کی تجارتی سرگرمیوں، بین الاقوامی منڈیوں اور مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی معاملات کو دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مختلف ممالک کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر عائد کیے جانے والے ٹیرف کے معاملات پر کام کرتی ہے اور پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے اقدامات کرتی ہے۔ اسی طرح انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن کا بنیادی کام ٹریڈ مارکس اور دانشورانہ ملکیت کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button