وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے یہاں ملاقات کی ،ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی امور اور آزاد جموں و کشمیر میں الیکشن میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ ،سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، رکن آزاد جموں و کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر افسران شریک تھے۔
ملاقات میں وفاقی حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے لیے آزاد کشمیر کی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے حوالے سے گفتگو کی اور ماضی میں تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار کا بھی ذکر کیا گیا۔ اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کشمیری عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر پوری توانائی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر میں الیکشن میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



