حکومت ملک میں فٹ بال کے کھیل کی ترویج کیلئے مکمل معاونت کرے گی، وزیراعظم محمد شہباز شریف
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر سے بہترین ٹیلنٹ کی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی ایک اعزاز ہے، حکومت ملک میں فٹ بال کے کھیل کی ترویج کیلئے مکمل معاونت کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں ناروے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی بہترین کارکردگی کی حامل سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کپتان محمد عدیل، ٹاپ سکورر محمد کاشف، ٹیم منیجر سید محمد اویس، مسلم ہینڈز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید جاوید گیلانی، ڈائریکٹر گلوبل آپریشنز ارسلان نصرت، کمیونیکیشن ڈائریکٹر محمد ریحان طاہر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹرز رومینہ خورشید عالم اور بدر شہباز کے ساتھ ساتھ متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، آپ سب کھلاڑی پاکستان کے درخشاں ستارے ہیں، آپ کی بہترین کارکردگی اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو موقع ملے تو وہ پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری طرح سے آپ کی معاونت کرے گی،
پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، بہت جلد پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے ایک جامع پلان کے نفاذ کا آغاذ کریں گے۔ وزیراعظم نے مسلم ہینڈز کے پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال کی ترقی کیلئے اقدامات کو سراہا۔ کھلاڑیوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم کو مسلم ہینڈز کی جانب سے پاکستان اور دنیا بھر میں سٹریٹ چائلڈ فٹ بال کیلئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ترجیحی بنیادوں پر محکمانہ کھیلوں کو مکمل طور پر بحال کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔