بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست سے قوم کو مایوسی ہوئی جس کے لیے معذرت خواہ ہیں ، شان مسعود
پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست سے قوم کو مایوسی ہوئی جس کے لیے معذرت خواہ ہیں ، بنگلہ دیش نے اچھی کرکٹ کھیلی اور میچ جیتا ، اگلے میچ میں کم بیک کریں گے اور قوم کو خوشیاں دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سیشن میں وکٹیں جلدی گرنے کی وجہ سے کھلاڑی دباؤ کا شکار ہو گئے ، میچ میں تمام کھلاڑیوں نے محنت کی ، پہلی اننگز میں بیٹرز نے اچھی کارکردگی دکھائی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنائے ، میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی نہ ہوتی تو ہم بڑا سکور کر کے بنگلہ دیش کو دباؤ میں لا سکتے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں مشفق الرحیم اور مہدی حسن میراز کو چانس دیا ، فیلڈنگ میں کافی غلطیاں ہوئیں اور کچھ سپیل ایسے تھے جن میں بہت زیادہ رنز بنے ، شان مسعود نے کہا کہ پہلے چار دن وکٹ فاسٹ باؤلرز کے لیے سازگار تھی اور پانچویں دن سپنرز کو مدد ملی ، گرین پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے فاسٹ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترے ۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو کریڈٹ دینا چاہیے انہوں کھیل کے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موسم کی صورتحال کو ذہن میں رکھتے ہوئے پہلی اننگز جلدی ڈکلیئر کر دی تھی کیونکہ راولپنڈی میں میچ سے قبل بھی بہت زیادہ بارشیں ہوئیں اور میچ کے دوران بھی بارش کے امکانات تھے ۔