پاکستان کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔نجم الحسین شانتو
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں ، میچ میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ،
راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے بہت اعلیٰ باؤلنگ کی ، ہمارے اسپنرز تجربہ کار ہیں اور کسی بھی وکٹ پر بائولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کے پانچویں روز وکٹ اسپنرز کے لئے سازگار ہو گئی تھی اس لیے یقین تھا کہ میچ جیت جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ پہلے سیشن میں فاسٹ باؤلرز نے اچھی باؤلنگ کر کے پاکستانی بیٹرز پر دباؤ ڈالا اور پھر اسپنرز نے لاجواب باؤلنگ کی ،
—
انہوں نے کہا کہ گرم موسم میں تمام کھلاڑیوں نے نظم و ضبط کے ساتھ کرکٹ کھیلی ، پہلی اننگز میں مشفق الرحیم ، شادمان اسلام ، مہدی حسن میراز ، لٹن داس ، مومن الحق نے زمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا ، انہوں نے کہا کہ مشفق الرحیم بہت تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ان سے ہر میچ ایسی ہی کارکردگی کی توقع ہوتی ہے ، جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے ،
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بہت مضبوط ہے ہم نے سخت محنت اور اچھا کھیل کر میچ جیتا ، نجم الحسین شانتو نے مزید کہا کہ اب تمام تر توجہ دوسرے ٹیسٹ میچ پر مرکوز ہے ، اچھی کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے ۔