کاروباری

ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سا ل کے پہلے مہینے میں 19.7فیصد اضافہ

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سا ل کے پہلے مہینے میں سالانہ بنیادوں پر 19.7فیصد کااضافہ اور ماہانہ بنیادوں پر 19 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جولائی 2024 میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 11.8فیصد اور درآمدات میں 15.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2024 میں پاکستان کے تجارتی خسارے کا حجم 1.948 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 19.7 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں تجارتی خسارے کا حجم 1.627 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔ جون کے مقابلہ میں جولائی میں تجارتی خسارے میں ماہانہ بنیادوں پر 19فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے ۔ جون میں تجارتی خسارے کا حجم 2.406 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا جو جولائی میں کم ہو کر 1.948 ارب ڈالر ہو گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سا ل کے پہلے مہینہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 11.8 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے ۔ جولائی 2024 میں پاکستانی برآمدات کا حجم 2.308 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سا ل جولائی میں 2.064 ارب ڈالر تھا۔ جون کے مقابلہ میں جولائی میں ملکی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 9.8 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ جون میں برآمدات سے 2.558 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو جولائی میں کم ہو کر 2.064 ارب ڈالر ہو گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینے میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 15.3 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا ہے ۔ جولائی 2024 میں ملکی درآمدات کا حجم 4.256 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال جولائی میں 3.691 ارب ڈالر تھا۔ جون کے مقابلہ میں جولائی میں ملکی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 14.3 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ جون میں ملکی درآمدات کاحجم 4.964 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا جو جولائی میں کم ہو کر 4.256 ارب ڈالر ہو گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button