متحدہ عرب امارات کا غزہ کے تعلیمی شعبے کے لیے امدادی مہم کا آغاز
متحدہ عرب امارات نے غزہ کے تعلیمی شعبے کے لیے امدادی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ‘آپریشن الفارس الشهم 3’ کے تحت غزہ کی پٹی میں تعلیم کی حمایت کے لیے ایک مہم شروع کی ہے، جس کا مقصد مشکل انسانی حالات کے باوجود طلبہ کو ان کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔اس مہم کے تحت طلبہ کے لیے سکول بیگز اور تعلیمی سامان بھیجا جائے گا، جن میں نوٹ بکس، قلم اور دیگر سٹیشنری اشیاء شامل ہیں۔ یہ سامان مرحلہ وار بھیجا جائے گا تاکہ تعلیمی عمل کو تقویت ملے اور طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے کی ترغیب دی جا سکے۔یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی جاری انسانی ہمدردی کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس میں امارات ہلال احمر، زاید چیریٹیبل اینڈ ہیومینیٹرین فاؤنڈیشن، خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن، اور شارجہ چیریٹی انٹرنیشنل شامل ہیں۔مہم کا مقصد فلسطینی خاندانوں پر زندگی کے بوجھ کو کم کرنا اور بچوں کے لیے تعلیمی مواقع کو بہتر بنانا ہے۔ یہ بچے بہتر مستقبل کی تعمیر کی امید کی علامت ہیں، اور یہ اقدام ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔