لاس اینجلس میں تاریخ کی بدترین آگ، ہزاروں گھر جل کر راکھ، خالی گھروں میں ڈکیتوں کی لوٹ مار
امریکی شہر لاس اینجلس میں تاریخ کی بدترین آگ سے 6 ہزارگھر اور عمارتیں جل کر راکھ ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس آگ سے 32 ہزار سے زائد ایکڑ رقبے پر وادیاں اجڑ گئیں۔
امریکا کے تاریخی شہر میں منگل سے لگی آگ پر اب تک نہ قابو پایا جا سکا اور حکام کا کہنا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ہلاک افراد کی اصل تعداد کیا ہوگی، آگ کی وجہ سے ڈیڑھ لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
دوسری جانب آتشزدگی کے باعث خالی گھروں میں ڈکیتوں کی جانب سے لوٹ مار کا سلسلہ بھی جاری ہے اور پولیس نے اب تک گھروں میں لوٹ مار کرنے والے 20 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ خشک اور تیز ہوا سے آگ میں خطرناک اضافے کا خدشہ برقرار ہے۔
حکام کاکہنا ہے کہ آگ پر قابو نہ پایا گیا تویہ قدرتی سانحات میں امریکی تاریخ کا بدترین واقعہ بن جائےگا۔