کاروباری

قومی معیشت نے گذشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کے دوران 3.1فیصد کی شرح نمو حاصل کی ، رپورٹ

قومی معیشت نے گذشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کے دوران 3.1فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے جبکہ اس دوران دوسری سہ ماہی میں قومی معیشت نے 2فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے ۔ عارف حبیب لمیٹڈ کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر2023 کیلئے ملکی معیشت کی شرح نمو 2.7فیصد جبکہ دوسری سہ ماہی میں اکتوبر تا دسمبر 2023کے دوران 2فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے۔ گذشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں جنوری تا مارچ 2024 کیلئے قومی معاشی شرح ترقی 2.4فیصد تک بڑھ گئی اور آخری تین مہینوں میں اپریل تا جون 2024 کیلئے پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.1فیصد کی نمایاں سطح تک بڑھ گئی ۔ اس طرح گذشتہ مالی سال میں قومی معیشت نے آخری تین ماہ کے دوران 3فیصد سے زیادہ جبکہ دوسری سہ ماہی میں سب سے کم یعنی 2فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر 2024کیلئے پاکستان کی معاشی شرح نمو 0.9فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے پاکستان کی معاشی شرح نمو کے تخمینہ پر نظرثانی کرتے ہوئے اس میں بہتری کی توقع کا اظہار کیا ہے اور دوران سال قومی معیشت کی شرح ترقی کا 3فیصد تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ قبل ازیں اے ڈی بی نے جاری مالی سال کیلئے ملکی معیشت کی 2.8فیصد کی شرح نمو کا امکان ظاہر کیا تھا ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button