ایلون مسک کا جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی کی حمایت کا اعلان
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی (اے ایف ڈی) کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کردیاہے۔
اردو نیوز کے مطابق ایک مرتبہ پھر یورپی سیاست میں مداخلت کرتے ہوئے ایکس پر لائیو سٹریم کے دوران ایلون مسک نے اے ایف ڈی کی رہنما ایلیسا وائڈل کی حمایت کی ہے ۔ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سربراہ اور نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی نے ایلیسا وائڈل کے ساتھ بحث کے دوران کہا کہ صرف اے ایف ڈی جرمنی کو بچا سکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس سیاسی جماعت کی حمایت کرنی چاہیے، نہیں توجرمنی میں حالات بہت زیادہ خراب ہونے والے ہیں۔ایلون مسک جنہوں نے گزشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں کامیاب کرانے کے لیے اپنے اثر و رسوخ اور دولت کا استعمال کیا تھا اور اب 23 فروری کو جرمنی میں قبل از وقت ہونے والے انتخابات میں اے ایف ڈی کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے ایلسیا وائڈل کو معقول شخصیت قرار دیتے ہوئے جرمن ووٹرز سے کہا کہ وہ تجویز دیں گےکہ لوگ اے ایف ڈی کو ووٹ دیں۔ واضح رہے کہ اے ایف ڈی 2013 میں قائم ہوئی تھی اور سابق کمیونسٹ مشرقی جرمنی میں مقبول سیاسی جماعت تھی۔ انتخابات سے قبل اس جماعت کو تقریباً 20 فیصد برتری حاصل ہے لیکن دیگر تمام سیاسی جماعتوں نے اسے اتحادی پارٹنر کے طور پر مسترد کر دیا ہے۔جرمنی کی داخلی انٹیلی جنس سروس، اے ایف ڈی کو دائیں بازو کی ایک انتہا پسندتنظیم سمجھتی ہے۔جرمن چانسلر اولاف شولز اور برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر سمیت یورپ کے متعدد رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنانے پر یورپ میں ایلون مسک کے خلاف شدید غصہ پایا جاتا ہے۔