بنگلادیش اے کیخلاف میچز؛ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ
بنگلادیش اے کے خلاف آئندہ چار روزہ سیریز میں شاہینز کی نمائندگی کیلئے متعدد انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کی تجویز سامنے آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہینز کے اسکواڈ میں اہم پاکستانی کرکٹرز کو کھلانے کا مقصد رواں ماہ بنگلادیش کیخلاف 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کی تیاری کروانا ہے۔
حال ہی میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی موجودگی میں کرکٹنگ معاملات دیکھنے والے سابق کپتان وقار یونس نے یہ تجویز پیش کی ہے۔
دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بابراعظم، محمد رضوان سمیت کئی بڑے ناموں نے تربیتی کیمپ جوائن کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم سلیکٹرز محمد یوسف اور اسد شفیق کپتان شان مسعود اور ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی کی مشاورت سے جلد ٹیسٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دینے والے وقار یونس نے لاہور میں اپنی پہلی میٹنگ کی، جہاں پاکستان شاہینز کے لیے سلیکشن پالیسی کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں پاکستانی ٹیسٹ کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اس بات کو یقینی بنائیں کہ کھلاڑی آئندہ چار روزہ میچ میں بھرپور پریکٹس کر سکیں کیونکہ قومی کرکٹرز نے رواں سال کے جنوری میں آسٹریلیا کیخلاف آخری سڈنی ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی 10 اگست سے راوپنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہوگام، جس میں عبداللہ شفیق، ابرار احمد، سعود شکیل، اور نعمان علی سمیت اہم کھلاڑی حصہ لیں گے۔
بنگلادیش اے کے خلاف چار روزہ میچ 10 سے 13 اگست تک اسلام آباد کلب میں ہوگا۔
واضح رہے کہ پہلا چار روزہ میچ 10 اگست کو شروع ہوگا، اس کے بعد دوسرا 17 اگست جبکہ 3 ون ڈے میچز 23، 25 اور 27 اگست کو شیڈول ہیں۔