مسئلہ کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نا مکمل ایجنڈا ،بھارت کشمیریوں کے حقوق غصب کررہا ہے،تاجر رہنما عاطف اکرام شیخ
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نا مکمل ایجنڈا ہے،5 اگست 2019 کو کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے کی ظالمانہ کوشش کی گئی،بھارت کا 5 یہ اقدام مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنےکی سازش ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت بربریت کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا،خطے میں پائیدار امن و امان کے قیام کےلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ا ن کا کہنا تھا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370اور 35اے کی منسوخی عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے ،پاکستانی قوم کی کشمیریوں سے لازوال وابستگی ہے ،تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے اور مظالم کےخلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔