اقوام متحدہ کا لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی حملے پر شدید تشویش کا اظہار
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دفتر نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دفتر نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ ہم 30 جولائی کی شام کو بیروت کے گنجان آباد جنوبی مضافاتی علاقوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق ہوئے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم ایک بار پھر فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تمام متعلقہ افراد سے مزید کشیدگی سے بچنے کا مطالبہ کریں۔
اقوام متحدہ نے تمام فریقین سے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر بھی زور دیا۔واضح رہے اسرائیلی فوج نے 30 جولائی کو بیروت کے مضافاتی علاقے داحیہ پر چار میزائل داغے جس سے ایک چار منزلہ عمارت تباہ، عمارتوں اور آس پاس کھڑی کاروں کو نقصان پہنچا۔