نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی کیلئے بینکاری شعبے کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے،وفاقی وزیر خزانہ کی ایچ بی ایل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ابھرتے ہوئے معاشی چیلنجز سے نمٹنے، کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی کے فروغ کے لیے بینکاری شعبے کے ساتھ مسلسل تعاون ناگزیر ہے، بینک سرمایہ کاری کے فروغ، مالیاتی سہولیات کی توسیع اور ملکی معاشی ترجیحات کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل)کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ناصر سلیم کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں معاشی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری کے وسائل متحرک کرنے اور ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں بینکاری شعبے کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں ، زراعت، ہائوسنگ اور پاکستان ایکسلریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن (پی اے وی ای)سکیم سمیت ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی اور مالی وسائل تک رسائی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کو پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مالی وسائل کی فراہمی اور مالیاتی شمولیت کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں اپنا کردار مزید موثر بنانا ہوگا۔انہوں نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی مزید ترقی کی اہمیت پربھی روشنی ڈالی ۔
وزیر خزانہ نے قابل عمل سرمایہ کاری منصوبوں کی معاونت اور طویل مدتی سرمائے کے متقاضی شعبوں میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کے لیے موزوں مالیاتی ڈھانچے تشکیل دینے پر بھی زور دیا۔ملاقات میں حکومت اور ایچ بی ایل کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے، پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش منزل کے طور پر اجاگر کرنے اور بین الاقوامی کاروباری روابط کو فروغ دینے کے امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط، کاروباری سرگرمیوں میں سہولت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل میں بینکاری شعبے کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ایچ بی ایل کے وفد نے بینک کے بین الاقوامی روابط سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا اور بیرونی منڈیوں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ 2.0 اقدام کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا اور توسیع شدہ سہولیات پر ملنے والے حوصلہ افزا ردعمل اور اس پروگرام میں مزید لوگوں کی شمولیت کے امکانات کو اجاگر کیا۔وزیر خزانہ نے پاکستان کے مالیاتی شعبے کی معاونت اور بینکاری خدمات کی ترقی میں ایچ بی ایل کے مسلسل کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مضبوط بینکاری نظام کاروباری لین دین کو سہل بنانے اور مالیاتی خدمات تک عوام کی رسائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وفد میں ہیڈ آف انٹرنیشنل بینکنگ فرحان طالب، سینئر نمائندہ و ہیڈ آف اسٹریٹجی پراجیکٹس محمد علی اور ہیڈ آف چائنا کوریج ذیشان اے ملک شامل تھے۔



