دبئی میں مقیم غیرقانونی تارکین کو اصلاحِ حال کے لئے دی گئی مہلت ختم
دبئی میں مقیم غیرقانونی تارکین کو سفری اور قیام کی دستاویزات میں اصلاحِ حال کے لیے دی گئی مہلت آج ( منگل31 دسمبر کو )ختم ہو رہی ہے جس کے بعد بڑے پیمانے پر تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کیا جائےگا۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی میں رہنے والے ایسے غیرملکی جن کے اقامے یا ورک پرمٹ زائد المیعاد ہو گئے ہیں ان کے لیے حکومت کی جانب سے یکم ستمبر 2024 کو خصوصی مہلت کا اعلان کیا گیا تھا جو 31 اکتوبر تک تھی پھر اس میں تین ماہ کا اضافہ کیا گیا تاکہ متاثرہ غیرملکی اپنےقیام کو قانونی شکل دے سکیں۔
اقامہ و غیرملکیوں کے امور کے ادارے کے ڈائریکٹر بریگیڈیئرمحمد المری کا کہنا ہےحکومت کی جانب سےانسانی بنیاد پرغیرقانونی تارکین کو اصلاحِ حال کے لیے مہلت دی گئی جو آج (31 دسمبر ) کو ختم ہو رہی ہے،ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ اپنے قانونی معاملات درست کرالیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی افراد اپنے اقاموں اور دیگر معاملات کی درستگی کےلیے مہلت ختم ہونے سے قبل متعلقہ ادارے سے رجوع کریں۔