قوم اور مسلح افواج دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملادیں گی ،وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز احمد بگٹی نے کہاہے کہ دہشتگردوں کی بارود اور بندوق کی زور پر نظریہ مسلط کرنے کی کوشش کو قوم اور مسلح افواج خاک میں ملا دیں گی۔ ہمارا دشمن عام لوگوں کی ذہن سازی کرکے ان کو لاحاصل جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے اے ٹی ایف جوان دلیری ،محنت ، لگن ،ایمانداری اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔اے ٹی ایف ٹریننگ سینٹر سے متعلق وسائل کی فراہمی کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو 17 ویں اے ٹی ایف بیسک کورس کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرا ٓئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری ودیگر بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ اے ٹی ایف کے جوانوں کو وطن کی حفاظت کرنی ہے ہمارا دشمن بزدل اور چالاک ہے اور اسے غیر ملکی مالی معاونت بھی حاصل ہے ۔وہ عام لوگوں کی ذہن سازی کرکے انہیں ایک لاحاصل جنگ میں دھکیل رہاہے ۔دہشتگرد جتنا مرضی بارود اور بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنے کی کوشش کریں ، قوم اور مسلح افواج ان کے تمام ناپاک ارادوں کو خاک میں ملادے گی ۔دہشتگردوں نے ہمارے تعلیمی اداروں، پارکوں ،پولیس ٹریننگ سینٹر، وکلا ،ہسپتالوں پر حملے کئے ۔یہ خیال تھا کہ یونیورسٹیاں ،پارک، ہسپتال کھلے ہیں تو ہمارے طلبا ،ڈاکٹرز،وکلا محنت کر کے آگے بڑھ رہے ہیں ۔
ان کو آگے بڑھنے سے روکا جائے۔ انہوں نے اے ٹی ایف اہلکاروں پر زوردیاکہ وہ سروس کے دوران دہشت گردوں کا دلیری کے ساتھ مقابلہ کرناہے کیونکہ معصوم شہری آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔اے ٹی ایف کے جوان ایمانداری کواپناشعار بنائیں ۔بلوچستان کے یہ سپوت دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ آئی جی پولیس کویقین دہانی کرائی ہےکہ اے ٹی ایف سینٹرکے دیواروں کو اونچا کرکے سولر لائٹس لگائیں گے ، اے ٹی ایف سکول میں تھرمل کیمرے لگائے جائیں گے ،پولیس کے اثاثے شہدا سے منسوب کریں کیونکہ ان شہدا اپنا کل ہمارے آج کیلئے قربان کیاہے ۔شہدا کے اہل خانہ کی کفالت کریں گے۔سویلین شہدا کے بچوں کی 16سال کی تعلیمی کفالت حکومت بلوچستان کررہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اے ٹی ایف پر تنقید آج تک نہیں سنی ۔ اے ٹی ایف جوان جس طرح پولیس اور حکومت بلوچستان کا سرفخر سے بلند کررہے ہیں ،امید ہے وہ آئندہ بھی اسی جوش وجذبے کے ساتھ بلوچستان وپاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے ۔