ایتھوپیا کے سفارتخانے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ثقافتی تقریب کا انعقاد، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین کی شرکت
ایتھوپیا کے سال نو کے موقع پر بدھ کو یہاں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے زیر اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک ثقافتی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں، ڈین ڈپلومیٹک کور عطاء جان مولاموف، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور تاجر برادری کے علاوہ صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور ایتھوپیا کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا۔ اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان سفارتی تعلقات اور فضائی روابط میں اضافہ سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا اور عوامی روابط کو تقویت ملے گی۔ اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر نے وفاقی وزراء کو ایتھوپیا کے روایتی تحائف بھی پیش کئے۔ تقریب میں ایتھوپیا کے ثقافتی شو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔