ٹاپ نیوز

فلسطین کی آزاد ریاست کا قیام ہی مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی سبکدوش ہونے والے فلسطینی سفیر احمد جواد عبد العزیز رابعی سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نےمسئلہ فلسطین کےمنصفانہ اور دیرپا حل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی آزاد ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں فلسطین کے سبکدوش ہونے والے سفیر احمد جواد عبد العزیز رابعی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے 7 اکتوبر 2023 سے جاری غزہ میں معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 40 ہزارسے زائد بے گناہ فلسطینی شہید اور 90ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

وزیراعظم نے دو ریاستی حل کے ذریعے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کرنے کی کوششوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس کے دارالحکومت کے طور پر فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔

احمد جواد عبد العزیز رابعی نے اپنے پانچ سالہ دور تعیناتی میں پاکستان کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےمسئلہ فلسطین پر پاکستان کے تاریخی اور ٹھو س موقف اور خطے میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ احمد جواد عبد العزیز رابعی نے فلسطینی طلباکو پاکستان میں تعلیم مکمل کرنے کے لیے تمام سہولیات فراہم کرنے اور وظائف کی پیشکش پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button