پی ٹی آئی اب یتیم ہونے لگی ہے ، ڈپٹی چیئرمین پہلے ہی جیل میں تھا اب اصل چیئرمین بھی پکڑا گیا ہے،دسمبر جنوری تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، وفاقی وزیر پٹرولیم کی پریس کانفرنس
وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب یتیم ہونے لگی ہے ،خوارج کا شیرازہ بکھر رہا ہے، ڈپٹی چیئرمین تو پہلے ہی جیل میں تھا اب اصل چیئرمین بھی پکڑا گیا ہے ،خیبر پختونخوا میں بدعنوانی کی داستانیں زبان زد عام ہیں،جو لوگ خیبر پختونخوا میں آپریشن نہ ہونے کی باتیں کرتے ہیں انہیں وہاں ہونے والی شہادتوں کا حساب دینا ہوگا،دسمبر، جنوری تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یوتھ کنونشن میں شریک ہر نوجوان کی انکھوں میں امید اور چمک دیکھی، نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ اور عزم موجود ہے لیکن کچھ لوگ مایوسی اور نا امیدی پھیلا رہے ہیں کبھی دھرنوں اور کبھی جلائو گھیرائو کی باتیں کرتے ہیں ،یہی ہماری منزل کے راستے میں حائل ہیں، افسوس ہے کہ بعض عناصر انتشار اور جلائو گھیرائو کی باتیں کرتے ہیں، ان کا مقصد ملک میں آئینی بحران پیدا کرنا اور ترقی اور آبادی کی بجائے بربادی پھیلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سائفر کے معاملے پر امریکا کے خلاف اعلان جنگ کرنے کے بعد وہاں اس لابسٹ ڈیوڈ فینٹن کی خدمات حاصل کر لی گئیں جو تین چار عشروں سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ان لوگوں کا مشن صرف ملک کی بربادی ہے اسے آباد کرنا نہیں ، انہوں نے لاکھوں ڈالر خرچ کر کے امریکا میں پاکستان کے خلاف قرارداد منظور کروائی، اگر ان کا مقصد ملک آباد کرنا ہوتا تو کیا 9 مئی ہوتا؟ ان لوگوں نے ملک آباد کرنا ہوتا تو کیا شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کر تے ؟ یہی وہ لوگ ہیں جو ٹی وی چینلز پہ بیٹھ کر مایوسی، نامرادی اور ناامیدی پھیلا رہے ہیں، یہ لوگ نا امیدی، فسادی اور بربادی کے سوا کوئی اور بات نہیں کرتے۔ مصدق ملک نے کہا کہ خوارج کا شیرازہ اب بکھر رہا ہے، ڈپٹی چیئرمین تو پہلے ہی جیل میں تھا اب اصل چیئرمین بھی پکڑا گیا ہے،پی ٹی آئی اب یتیم ہو نے لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بدعنوانی کی داستانیں زبان زد عام ہیں، کے پی کے میں کرپشن پر صوبائی وزیر شکیل خان کو کابینہ سے نکال دیا گیا لیکن انہوں نے جو خط وزیراعلی کے بارے میں لکھا ہے وہ بھی پڑھنا چاہیے، چور آپس میں ہی لڑ پڑے ہیں، وزیر اعلی کے پی کے کے بارے میں ان کے وزیر کہہ رہے ہیں کہ وہ دہشت گردوں کے سہولت کار بھی ہیں اور انہیں بھتہ بھی دیتے ہیں ،جو لوگ خیبر پختونخوا میں آپریشن نہ ہونے کی باتیں کرتے ہیں انہیں وہاں پہ ہونے والی شہادتوں کا حساب دینا ہوگا، وزیراعلی کے پی کے کو آج تک کسی نے کسی شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کرتے اور تعزیت کرتے نہیں دیکھا، دوبارہ کہتے ہیں کہ فساد نہ پھیلائیں، بلوائیوں والا کام نہ کریں، پارلیمنٹ میں آئیں، کمیٹیوں میں بیٹھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
مصدق ملک نے کہا کہ ملک کے 98 فیصد گھریلو صارفین 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، 86 فیصد صارفین 200 یونٹ تک استعمال کرتے ہیں انہیں پہلے ہی وفاقی حکومت کی طرف سے ریلیف دیا گیا ہے، اگر اور کوئی صوبائی حکومت بھی اپنے صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے تو وہ کر سکتی ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ دسمبر، جنوری تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا،اگر سہولت دینے کی ضرورت پڑی تو تمام صوبوں کی مشاورت کے ساتھ فیصلہ کریں گے اور انہیں ساتھ لے کر چلیں گے لیکن ہماری کوشش ہے کہ گیس کی قیمت میں اضافہ نہ ہو۔ایک سوال کا جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ادارے نے اپنے سابق افسران کو تفتیش کے لیے تحویل میں لیا ہے، عدالتی نظام اور طریقہ کار کو بھی صحیح ہونا چاہیے۔