آڈیو لیک کیس میں علی گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد نے آڈیو لیک کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ سیشن عدالت اسلام آباد میں ہوئی جس دوران علی امین اور ان کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے جبکہ شریک ملزم اسد فاروق کے عدالت میں پیش ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 2022 میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے علی امین گنڈا پور کی ایک شخص کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں علی امین گنڈا پور پوچھ رہے ہیں کہ بندوقیں کتنی ہیں، جس پر دوسرا شخص کہتا ہے کہ بہت ہیں۔