بھارت نے تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ، سمارٹ فونز کے استعمال کو فروغ دے کر 80 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا ، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے ڈیجیٹلائزیشن کو کسی بھی ملک کی تیز رفتار ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ پانچ چھ سال کے دوران تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی اور سمارٹ فونز کے استعمال کو فروغ دے کر 80 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا ہے۔
فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے زیر اہتمام موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے بھوک کے خاتمے کی طرف تیز رفتار پیش رفت کے موضوع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے دیہی علاقوں کے مکین جن کو پہلے بینکنگ یا ادائیگی کے نظام تک رسائی حاصل نہیں تھی، وہ اب صرف سمارٹ فون کا استعمال کرکے بلوں کی ادائیگی کرنے کے قابل ہو چکے ہیں اور اس کے علاوہ وہ آرڈرز کے لئے ادائیگی کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کسی بھی ملک کی تیز رفتار ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تیز رفتار انٹر نیٹ کی فراہمی کا عام شہریوں کو سمارٹ فون بوم اور بینکنگ خدمات تک آسان رسائی سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے جنوبی نصف کرے کے دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ بھی ڈیجیٹلائزیشن کو اپنانے کے لئے اقدامات کریں تاکہ تخفیف غربت اور بھوک کے خاتمے کے لئےپائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد مل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دیہی علاقوں میں مقیم کسان جن کا بینکنگ سسٹم سے کبھی تعلق نہیں تھا، اب اپنے تمام کاروبار اور لین دین اپنے سمارٹ فون کرنے کے قابل ہیں۔ وہ اپنے بل ادا کرتے ہیں اور آرڈرز کے لئے ادائیگی اور وصولی کرتے ہیں جس کی وجہ ملک میں تقریباً ہر فرد کی انٹرنیٹ تک زیادہ رسائی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں 2016 میں 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کی منسوخی کے بعد سے ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ان ادائیگیوں کے لئے لاکھوں بھارتی شہریوں نے اپنے بینک اکائونٹ کھولے ہیں، جن میں بڑی تعداد دیہی علاقوں کے مکینوں کی تھی۔ اس کے علاوہ بھارتی حکومت کی طرف سے اُدھار کارڈ کے ذریعے ادائیگیوں کے رجحان میں اضافے نے بھی کردا ر ادا کیا۔