شارٹ ٹرم پالیسیوں کی وجہ سے تمام اقتصادی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری
قومی اسمبلی میں حکمران اتحاد کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہےکہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، جس پانچ سالہ منصوبے کا وزیراعظم نے آغاز کیا ہے ،اس کے نتیجہ میں ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔ منگل کو اڑان پاکستان ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان29-2024 پروگرام کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جن حالات میں مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی ، و ہ ملک کے لئے مشکل وقت تھا اور ملک کو سنگین چیلنجز درپیش تھے۔
ہماری حکومت کی کچھ شارٹ ٹرم پالیسیوں کی وجہ سے تمام اقتصادی انڈیکیٹرز مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔ عوام کی زندگی میں ترقی او ر خوشحالی آنا شروع ہو گئی ہے۔ 2025 میں پاکستان ٹیک آف کرنا شروع کرے گا۔ وزیراعظم نے جس 5 سالہ منصوبے کا آغاز کیاہے اس کے نتیجے میں ملک معاشی طورپر مضبوط ہو گااور سرمایہ کاری آئے گی۔ معیشت اور ترقی کا پہیہ بہتر طورپر چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ ملک آپ کا ہے اور اس منصوبے میں آپ کے لئے پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی ناعاقبت اندیش دوستوں سے کہتا ہوں کہ ملک کسی بھی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں جو ٹیم سرگرم عمل ہے انشا اللہ اس کا عزم ہے کہ پاکستان قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر بنےگا اور علامہ اقبال نے جو سوچ ہمیں دی ہے ہم اس کےتحت آگے بڑھیں گے اور ملک کو بہت جلد ایشین ٹائیگر بنائیں گے اور وہ تمام ساتھی جو اس عمل میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہاتھ مضبوط کررہے ہیں وہ ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔