فیڈریشن نے رواں سال معاشی میدان میں بہت سی کامیابیاں حاصل کیں، عاطف اکرام شیخ
وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کےصدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ فیڈریشن نے رواں سال معاشی میدان میں بہت سی کامیابیاں حاصل کیں،بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلے ایف پی سی سی آئی پورے سال متحرک رہی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت نے پورے سال اتار چڑھاؤ دیکھے مگر اب صورتحال مستحکم ہے،بحیثیت صدر ایف پی سی سی آئی حکومتی فورمز پر بزنس کمیونٹی کی آواز موثر طریقے سے اٹھائی،گزشتہ چند ماہ سے پاکستان کی معیشت کے تمام اعشاریے مثبت ہو چکے ہیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ رواں سال شرح سود 23 فیصد سے کم ہو کر 13 فیصد پر آ گئی ہے جو بڑی کامیابی ہے،آئی پی پیز کے مسئلے پر ایف پی سی سی آئی نے بھرپور کام کیا جس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، مقامی معیشت کی بہتری کا بیڑہ ایف پی سی سی آئی نے اٹھایا ہے جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے ملک کو معاشی استحکام دینے کیلے چارٹر آف اکانومی پر کام شروع کر دیا ہے، زراعت کا شعبہ پاکستان کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے،اس کی بہتری کیلے کمیٹی کام کر رہی ہے،بطور صدر ایف پی سی سی آئی اس سال کاسی،ای سی سی سی آئی سمیت دیگر فورمز پر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی،اس وقت صدر ایف پی سی سی آئی کے پاس ای سی او چیمبرز آف کامرس ،کاسی کے اعلی ترین عہدوں کی بھی ذمہ داری ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئےجو سفر اس سال شروع کیا تھا وہ آئندہ سال بھی جاری رہے گا،پاکستان کے دورے پر آئے بزنس وفود کے ساتھ موثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا گیا۔