مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کا اجرا خوش آئند ہے ، اس پر مزید سیاست نہ کی جائے، ڈاکٹر راغب نعیمی
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب نعیمی نے سوسائٹی ایکٹ میں ترمیم اور مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کے اجرا کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ اب مستقل حل ہو گیا ہے، اس لئے اس پر مزید سیاست نہ کی جائے۔ پیر کو اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سوسائٹی ایکٹ میں ترمیم اور مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کا اجرا خوش آئند ہے، اب ڈی جی آر ای میں رجسٹرڈ مدارس کو قانونی حیثیت مل گئی ہے،
مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کو قومی اسمبلی سے جلد منظور کرایا جائے۔ مدرسہ کی رجسٹریشن پر ہونے والے اختلافات کو ختم اسی طرح کیا جا سکتا تھا۔ نئے اور پرانے بورڈ کے مدارس جس بھی ادارے میں رجسڑیشن کروانا چاہیں انہیں آزادی ہے۔ نئے آرڈیننس کے اجرا سے اس مطالبہ کو پورا کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہوئے مدارس کے رجسٹریشن معاملات کو حل کر دیا۔ اس طرح ڈائریکٹر جنرل آف ریلیجیس ایجوکیشن سے رجسٹرڈ شدہ 18600 سے زائد مدارس کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ دیگر مدارس کو جو کہ کسی بھی جگہ رجسٹرڈ نہیں ہیں، ان کو اب فیصلہ کرنا ہوگا۔ یہ معاملہ اب مستقل حل ہو گیا ہے، اس لئے اس پر مزید سیاست نہ کی جائے۔