کاروباری

حکومت اقتصادی اصلاحات کے لئے پرعزم ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے انسانی مداخلت کوکم کرنے اوربدعنوانی پرقابوپانے میں مدد ملے گی، وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا فیوچرسمٹ سے خطاب

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ اقتصادی اصلاحات کے بغیرملک ترقی نہیں کرسکتا، حکومت اقتصادی اصلاحات کے لئے پرعزم ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے انسانی مداخلت کوکم کرنے اوربدعنوانی پرقابوپانے میں مددملے گی، نجی شعبہ کو پیداوارمیں اضافہ کرنا ہوگا۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے کراچی میں فیوچرسمٹ کے آٹھویں ایڈیشن سے اپنے کلیدی خطاب میں کیا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان نے کلی معیشت کے استحکام میں نمایاں پیش رفت کی ہے اورمختلف معاشی اشاریوں سے اس کی عکاسی ہورہی ہے، ہمارےدہرے خسارے سرپلس ہوگئے ہیں۔گزشتہ مالی سال کے دوران معاشی استحکام میں پیش رفت کوجاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مزید مضبوط کیاگیاہے،اگست اورستمبرکے مہینوں میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن مثبت رہاہے، ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ ہواہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ مستحکم کرنسی، زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ اورمہنگائی میں کمی آئی ہے، شرح سود میں مزید کمی کے بعد 15فیصدکی سطح پرہے، وزیرخزانہ نے کہاکہ یہ ابتدائی ثمرات ہیں اوراس کی بنیادوں پردیرپا معاشی استحکام اورنموکی عمارت تعمیرکرنی ہے۔پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آرہی ہے اورہمیں امیدہیں کہ جاری مالی سال میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ سنگل بی ہوجا ئے گی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پالیسی ریٹ کی بات کی جارہی ہے مگریہ بھی دیکھنا چاہےے کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے پہلے ہی چھ ماہ کے کائیبور کی شرح 13فیصدتک آچکی ہے۔یہ وہ شرح ہے جس پر قرضہ لیا اور دیا جا رہا ہے،

بینکنگ کاشعبہ نجی شعبہ کومعاونت کی فراہمی کیلئے دستیاب ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت مختلف شعبوں کوریلیف فراہم کررہی ہے، غذائی افراط زرمیں کمی آئی ہے، ای سی سی کے اجلاس میں ضروری اشیا ءکی قیمتوں کی نگرانی کواب باضابطہ کارروائی کاحصہ بنایاگیاہے، عالمی سطح پرگزشتہ چھ ماہ میں پٹرول، ٹرانسپورٹیشن اخراجات اوردیگراشیاءکی قیمتوں میں کمی آئی ہے ،اس صورتحال میں دال اورمرغی کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ بلاجواز ہے،حکومت اس بات کویقینی بنائے گی کہ قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام تک پہنچایاجائے۔

انہوں نے کہاکہ واشنگٹن میں ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ اورکثیرالجہتی شراکت داروں نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے اپنے عزم کااعادہ کیا ہے ۔ پاکستان مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاسلسلہ جاری رکھیں گا۔ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن، سرکاری کاروباری اداروں کے انتظام وانصرام میں بہتری کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ڈیجیٹلائزیشن سے انسانی مداخلت کوکم کرنے اوربدعنوانی پرقابوپانے میں مددملے گی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ معیشت کے بنیادی ڈی این اے کوتبدیل کرنا ہے ،برآمدات پرمبنی نموکیلئے اقدامات کے علاوہ کاروبارمیں آسانیاں فراہم کرنا ہوں گے،نجی شعبہ کوکلیدی کرداراداکرنا ہے، نجی شعبہ کواس ضمن میں پیداوارمیں اضافہ کرنا ہوگا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے اقدامات کررہی ہے، پاکستان برآمدات پرمبنی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کوترجیح دے گا۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی بڑھائی جائے گی۔ ہمیں آبادی میں اضافہ سے متعلق سٹنٹنگ اورخواندگی کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کرداراداکرنا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے مزیدکہاکہ پاکستان اپنے دوطرفہ اورکثیرالجہتی شراکت داروں کے ساتھ مل کرملکی ترقیاتی ایجنڈہ کوآگے بڑھانے کیلئے کام جاری رکھیں گا۔ فیوچرسمٹ ایک اہم فورم ہے ، اس کانفرنس میں شریک غیرملکی سرمایہ کاروں اورماہرین کو رئیل ٹائم میں آن لائن ویزے جاری کئے گئے ہیں ۔میں سمجھتاہوں کہ یہ درست سمت میں ہمارے سفرکا ایک اچھا آغازہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button