شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، قانونی دستاویزات نہ رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر قوم نے دہشتگردی کے ناسور کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کر رہی ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، قانونی دستاویزات نہ رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی بہادر قوم نے دہشتگردی کے ناسور کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کر رہی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانونی دستاویزات کے حامل کسی بھی غیر ملکی شہری کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی،قانونی دستاویزات نہ رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔