انگلش وائٹ بال کپتان جوز بٹلر انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیلیں گے
انگلینڈ وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے، لیام لیونگ سٹون پہلی مرتبہ سیریز میں انگلش ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ 34 سالہ انگلش کپتان جوز بٹلر تقریبا چار ماہ سے انجری کا شکار ہیں ، انہوں نے گیانا میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سے کسی انٹرنیشنل میچ میں حصہ نہیں لیا ہے۔ وہ دی ہنڈرڈ لیگ میں مانچسٹر اوریجنلز اور اس کے بعد ستمبر میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں بھی حصہ نہیں لے سکے ۔ ای سی بی کے مطابق بٹلر اپنی انجری کے بعد بحالی کے عمل میں ہیں اور وہ 9 نومبر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے قبل براہ راست بارباڈوس جائیں گے۔ بٹلر کی غیر موجودگی میں آل رائونڈر لیام لیونگ سٹون کو انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ایسکس وکٹ کیپر مائیکل پیپر کو کور کھلاڑی کے طور پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔