ایشیائی ترقیاتی بینک نے نیپال میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے 285 ملین ڈالر قرضے کی منظوری دے دی
ایشیائی ترقیاتی بینک نے نیپال میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے ساڑھے 28 کروڑ ڈالر کے قرضے کی منظوری دے دی ۔ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نیپال کو سرسبز بنانے اوروہاں موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات اور جیو فزیکل واقعات سے نمٹنے میں مدد کرنے کے لیے دو منصوبوں کے لیے 285 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی فنانسنگ کی منظوری دی گئی ہے۔
نیپال کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر آرناؤڈ کاچوئس نے اس موقع پر کہا کہ اس ملک کی پائیدار ترقی کے لئے آب و ہوا کی وجہ سے پیدا ہونے والے اور جیو فزیکل خطرات کے ساتھ ساتھ کمیونٹیز، انفراسٹرکچر اور سسٹمز میں کمزوریوں کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک پالیسی پر مبنی قرض کے ذریعے ماحول دوست اور جامع ترقی کے پروگرام کے ذیلی پروگرام نمبر 1 کے لیے 100 ملین ڈالر قرضہ فراہم کر رہا ہے، یہ قرض حکومت کی جی آر آئی ڈی اپروچ کی معاونت کرنے کے لئے فراہم کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینک نیپال کو اس کے علاوہ 170 ملین ڈالر کا نرم شرائط پر قرض اور ایشین ڈویلپمنٹ فنڈ (جو غریب ترین اور سب سے زیادہ کمزور ترقی پذیر ممبران کو گرانٹ فراہم کرتا ہے)سے 15 ملین ڈالر کی گرانٹ بھی فراہم کرے گا۔مزید برآں بینک تکنیکی معاونت کے خصوصی فنڈ سےنیپال میں پانی کی فراہمی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نظام کو مضبوط کرنے کے لئے 1.75 ملین ڈالر کی تکنیکی امداد بھی فراہم کر رہا ہے ۔