پاکستان شاہینز نے پہلے چار روزہ میچ میں سری لنکا اے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی
پاکستان شاہینز نے پہلے چار روزہ میچ میں سری لنکا اے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، پاکستان شاہینز نے 222 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔
محمد سلیمان نے 86 اور علی زریاب نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، خرم شہزاد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں ، علی زریاب کو دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے پر مرد میدان قرار دیا گیا ۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے اور آخری روز سری لنکا اے نے اپنی دوسری نامکمل اننگز میں 364 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو سونل دینوشا گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر خرم شہزاد کی گیند پر آؤٹ ہو گئے ۔
انہوں نے 62 رنز بنائے ، خرم شہزاد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں ، کاشف علی اور محمد سلیمان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ پہلی اننگز میں 143 رنز کی برتری کی بدولت پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے 222 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، 32 رنز پر 2 وکٹیں گر جانے کے بعد محمد سلیمان اور علی زریاب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 158 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا ۔ محمد سلیمان نے 11 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے، انہیں ونوجا ساہن نے کلین بولڈ کیا، علی زریاب نے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے شامل تھے ، حیدر علی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 19 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری چار روزہ میچ 18 سے 21 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کھیلا جائے گا۔