پاکستان غیر مساوی ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، سید یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہمارے خطے کی 50 فیصد سے زائد آبادی انٹرنیٹ تک رسائی سے محروم ہے، غیر مساوی ڈیجیٹل تقسیم کی وجہ سے حقیقی ترقی کے حصول میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں، پاکستان غیر مساوی ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایشیا پیسفک ایڈوانسڈ نیٹ ورک کی 58ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مندوبین کی بڑی تعداد میں شرکت ہماری ترقی، خوشحالی ،ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع میں تعاون کے فروغ میں مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے اور یہ تقریب ایشیا پیسفک خطے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ ، تحقیق میں سہولت اور علم کے تبادلے میں پاکستان کی غیر متزلزل لگن کا ثبوت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈیجیٹل انقلاب میں پاکستان کا بڑھتا ہوا رجحان قابل تعریف ہے اورچیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایشیا پیسفک ایڈوانسڈ نیٹ ورک، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک کی خطے میں تکنیکی تعاون کو بڑھانے میں کاوشیں لائق تحسین ہیں اورتحقیق، تعلیم اور ٹیکنالوجی میں مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے سب کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اس نیٹ ورک سے موسمیاتی تبدیلی، صحت عامہ، غربت، غذائی تحفظ و دیگر مسائل کو حل کرنے کےلئے حکمت عملی مرتب کی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے کی 50 فیصد سے زیادہ آبادی اب بھی انٹرنیٹ تک رسائی سے محروم ہے اور یہی وجہ ہے کہ غیر مساوی ڈیجیٹل تقسیم کی وجہ سے حقیقی ترقی کے حصول میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ پاکستان اس غیر مساوی ڈجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اے پی اے این کے تعاون سے تکنیکی ترقی پورے ملک اور خاص طور پر پسماندہ کمیونٹیز تک یقینی بنائی جائے گی اورجامع اور مساوی ترقی کی حکمت عملی کو اپنانے سے ہی ہم پورے خطے میں بامعنی ترقی کر سکتے ہیں۔ سائبر سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی حفاظت اور اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سائبر سکیورٹی حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور2023میں سائبر حملوں میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔ پاکستان سائبر سکیورٹی کو مضبوط اور مزید فعال بنانے میں اقدامات اٹھا رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل سپیس میں بھی علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور پاکستان اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے کہ ہماری تکنیکی ترقی ماحولیاتی ذمہ داری کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ ہم گرین ٹیکنالوجیز کی تحقیق اور ان پر عملدرآمد کرنے میں سب سے آگے ہیں اورپاکستان کی پارلیمنٹ خاص طور پر سینیٹ، قومی وتکنیکی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ ایسی پالیسیوں کی تشکیل پر ہے جو جدت کو فروغ اورڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر کرتی ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایوان بالانے قانون سازی کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی کو آسان بنایا ہے اور اس قانون سازی سے آئی سی ٹی سیکٹر کی ترقی ، سائبر سکیورٹی اور جدت کی حوصلہ افزائی میں بہتری آئی ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان خود سینیٹ سیکرٹریٹ کے اندر ڈیجیٹل تبدیلی کو اپنانے کے لئے کوشاں ہے اور پیپر فری چیمبر بنانے اور تمام عمل کو ڈیجیٹلائیزکرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات سے سینیٹ کام زیادہ شفاف، موثر اور قابل رسائی ہو جائے گا اورسینیٹ کی تمام سرگرمیاں مکمل طور پر ڈیجیٹلائیزڈ ہو جائیں گی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی 64فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع میں معاشی ترقی کے فروغ کے لئے ایک بے پناہ وسائل کی نمائندگی کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی 20 لاکھ سے زیادہ فری لانسرز کے ساتھ عالمی فری لانس اکانومی میں اہم شراکت دار ہے۔ پاکستان فری لانسرز اور کاروباری افراد کی عالمی سطح پر رسائی کو بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سٹارٹ اپ ایکو سسٹم پروان چڑھ رہا ہے۔
مضبوط عالمی رابطوں کو فروغ دے کر، ہم اپنے سٹارٹ اپس کے لئے اور بھی زیادہ مواقع پیدا کر سکتے ہیں اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی سے روزگار کے وسیع مواقع اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت ،تعلیم،دفاع،دفاعی پیداوار و دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے اور آئیے ہم ایک ایسے مستقبل کی طرف کام کریں جہاں ٹیکنالوجی ہماری قومی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کرے، جو ہمیں مزید خوشحال، جامع اور پائیدار خطے کی طرف لے جائے۔