کاروباری

مثبت معاشی اشاریے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی ارینجمنمٹ کی کامیاب تکمیل ہیں، وزیرخزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلسل معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ساتھ اسٹاف سطح کا معاہدہ (ایس ایل اے) طے پا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو خزانہ ڈویژن میں ملٹی نیشنل کمپنی پیپسی کو کے سی ای او برائے افریقہ ایم ای اینڈ ایس اے مسٹر یوجین ولیمسن کے ساتھ ملاقات کیلیے آئے ہوئے سی ای او پاکستان اور افغانستان مسٹر محمد کھوسہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پروزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مسٹر ولیمسن کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کیں۔ انہوں نے حالیہ بہتری پر روشنی ڈالی جن میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مستحکم کرنسی شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے ان مثبت اشاریوں کو آئی ایم ایف کے ساتھ نو ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی کامیاب تکمیل قرار دیا اور کہا کہ مسلسل معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اسٹاف سطح کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرکاری اداروں (ایس او ایز) اور ٹیکسیشن کے بارے میں بھی بات کی، اور حکومت کی جانب سے ٹیکس نیٹ میں وسعت کے لیے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا۔

انہوں نے پیپسی کو کے بیج لیب کے اقدام اور زرعی اور مجموعی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں اس کے اثرات کو سراہا۔

ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزی خزانہ نے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے راست (ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام) اور نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اور رجسٹریشن اتھارٹی) کو مربوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

ولیمسن نے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کی تعریف کی اور مالیاتی شعبے میں ترقی کو نوٹ کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں مسلسل اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لیے دونوں جماعتوں کے عزم پر زور دیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button