18 اگست تک دریائے چناب کے بالائی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے انتباہ جاری کردیا
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسز آپریشن سینٹر کے مطابق18 اگست تک دریائے چناب کے بالائی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث دریائے چناب میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلابی ریلے کا امکان ہے،
اس کے باعث مرالہ، خانکی، قادر آباد سے ملحقہ گاوں/قصبے اور بستیاں اونچے درجے کے سیلابی ریلے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق دریائے چناب کے کیچمنٹ ایریاز بشمول سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ وغیرہ میں مون سون کا شدید اسپیل کا خطرہ اسی طرح مقبوضہ جموں وکشمیر بشمول ریاسی، اکھنور، سلال، راجوری، جموں میں بھی 18 اگست تک موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جس کے نتیجے میں دریائے چناب کے ساتھ ساتھ مقامی ندی نالوں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
– Advertisement –
بیان کے مطابق چناب کے کیچمنٹ ایریاز میں 25 اگست تک موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ موسم کی اپ ڈیٹس اور الرٹس سے باخبر رہیں۔ این ڈی ایم اے نے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپلی کیشن لانچ کی ہے جو کہ گوگل پلے اسٹور اور آئی او ایس ایپ اسٹور پر دستیاب ہے تاکہ عوام کو بروقت الرٹس، ایڈوائزریز اور گائیڈ لائنز فراہم کی جاسکیں۔ خطرے سے دو چار علاقوں کے رہائشی پیشگی اقدامات یقینی بنائیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور عوام کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔