ٹاپ نیوز

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے درمیان ون آن ون ملاقات ، مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے درمیان ون آن ون ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم ہائوس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے آذری صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کو پاکستان میں دیکھ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کے لئے آپ کا دورہ پاکستان انتہائی خوش آئند اور ایک اہم سنگ میل ہے،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی، توانائی، سیاحت، ثقافتی، تعلیمی، ٹیکنالوجی، صحت کی دیکھ بھال اور ماحولیاتی تعاون، دونوں ممالک کے عوام کے آپس کے روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو بڑھایا جائے گا۔وزیراعظم نے باکو کو 29 ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کی میزبانی ملنے پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد دی اور اس حوالے سے پاکستان کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں دو طرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔بعد ازاں دونوں رہنمائوں کی قیادت میں دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم اور آذری صدر نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی اور مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کی۔آذری صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیری لوگوں کی امنگوں کے مطابق آزادانہ استصوابِ رائے سے حل ہونا چاہئے ۔آذری صدر کہا کہ ابتدائی طور پر آذربائیجان پاکستان میں مختلف شعبوں میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اسلام آباد کی تزین و آرائیش اور خوبصورتی میں اضافے کیلئے تعاون میں اضافہ کرے گا۔ دونوں اطراف نے باکو اور پاکستان کے مابین پروازوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا۔ وزیرِاعظم نے آذربائیجان میں پاکستانی چاول کی ڈیوٹی فری برآمد کے فیصلے پر آذربائیجان کے صدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button