کاروباری

ملک میں پٹرول کی فروخت میں 7 ماہ کے دوران 7 فیصد کمی

ملک میں پٹرول کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سالانہ بنیادوں پر سات فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ او سی اے سی کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ملک میں 4.18 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں سات فیصد کم ہے۔

گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 4.58 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ جنوری کے دوران ملک میں 0.61 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں پانچ فیصد کم ہے۔ گذشتہ سال جنوری میں ملک میں 0.65 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں پٹرول کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 8 فیصد کی نمو ہوئی۔ دسمبر میں 0.57 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو دسمبر میں بڑھ کر 0.61 ملین ٹن ہو گئی۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ملک میں 9.07 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10.47 ملین ٹن تھی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button